جنوبی بلوچستان میں ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے سرحدوں کی نگہبانی سے لے کر عوامی خدمت کے ہر شعبے میں مثالی کردار ادا کرتے ہوئے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ محض ایک سکیورٹی فورس نہیں بلکہ ایک عوام دوست اور خدمت گزار ادارہ ہے۔ امن کے قیام، انسانی ہمدردی، فلاحی سرگرمیوں اور سماجی ذمہ داریوں میں عملی اقدامات کے ذریعے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے بلکہ عوام کے دلوں میں اعتماد، احترام اور وابستگی کی مضبوط بنیاد بھی قائم کی ہے۔ پنجگور رائفلز اس حقیقت کی زندہ تصویر ہے۔ پنجگور، جو ماضی میں محرومی، خوف اور منفی پراپیگنڈے کا نشانہ بنتا رہا، آج آہستہ آہستہ ایک مختلف منظر پیش کر رہا ہے۔ یہاں ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)، پنجگور رائفلز کی فلاحی و سماجی سرگرمیاں اس امر کا ثبوت ہیں کہ ایف سی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کو بھی اپنا قومی فریضہ سمجھتی ہے۔ جس کی چند عملی مثالیں پیش خدمت ہیں۔ رواں ماہ 3دسمبر کو عالمی یوم معذوراں (International Day of Persons with Disabilities) کے موقع پر ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) پنجگور رائفلز کی جانب سے ڈسٹرکٹ جرگہ ہال میں منعقدہ پروقار تقریب اس سلسلے کی ایک نمایاں مثال تھی۔ اس تاریخی تقریب میں ضلع بھر سے 200 سے زائد خصوصی افراد کی شرکت نے کی۔ تقریب میں 100 وہیل چیئرز کی تقسیم ان افراد کے لیے عملی سہولت تھی جو روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں خصوصی افراد کی جانب سے تعلیم اور روزگار سے متعلق جن مسائل کی نشاندہی کی گئی، ان پر تعاون کی یقین دہانی نے ایک مثبت پیغام دیا کہ ریاستی ادارے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی عوام دوست پالیسی فلاحی اقدامات کی صورت میں نمایاں ہے۔ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی پنجگور میں مستحق اور ضرورت مند خاندانوں کے لیے گرم کپڑوں، جوتوں اور کمبل کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا۔ 150 سے زائد مستحقین کو بروقت ریلیف فراہم کرنا اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ ایف سی (سائوتھ) موسموں اور حالات کے مطابق عوامی ضروریات کو سمجھتی ہے۔ اس موقع پر یہ اعلان کہ ایف سی کے تمام وسائل، بالخصوص ہسپتال اور سہولیات، عوام کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہیں، بھائی چارے اور خدمت انسانیت کی واضح مثال ہے۔ صحت کے شعبے میں ایف سی ہسپتال پنجگور ایک خاموش انقلاب کی حیثیت رکھتا ہے۔ ایسے علاقے میں جہاں معیاری علاج اکثر شہری طبی مراکز تک محدود رہتا ہے، وہاں جدید آپریشن تھیٹر، سرجری، ڈینٹل ایکسرے، لیبارٹری ٹیسٹ، ایمرجنسی طبی سہولیات اور مفت ادویات کی دستیابی کسی نعمت سے کم نہیں۔ دن ہو یا رات، ایف سی ہسپتال پنجگور کا چوبیس گھنٹے کھلا رہنا اس عزم کا مظہر ہے کہ انسانی جان کی قدر ہر چیز پر مقدم ہے۔ پنجگور اور گرد و نواح کے عوام کے لیے یہ سہولت عطیہ خداوندی سے کم نہیں جو انہیں مہنگے اور دور دراز علاج کی اذیت سے بچاتی ہے۔ اسی تسلسل میں ایف سی پنجگور رائفلز کی جانب سے حمد مسلم ری ہیبلیٹیشن سنٹر میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد بھی قابل ذکر ہے، جہاں 156 منشیات کے مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا۔ دائمی بیماریوں کا علاج، مفت ادویات کی فراہمی اور میڈیکل عملے کا خلوص عوامی سطح پر ایف سی کے مثبت تشخص کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ عوام کی جانب سے ان اقدامات پر اعتماد اور شکرگزاری اس حقیقت کو ثابت کرتی ہے کہ یہ سرگرمیاں محض دکھاوا نہیں بلکہ حقیقت پر مبنی ہیں۔ پنجگور کے بلوچ نوجوان، جو ماضی میں محرومی، بے روزگاری اور منفی رجحانات کا شکار رہے، اب ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی سرپرستی میں مثبت راستوں کی طرف بڑھتے دکھائی دیتے ہیں۔ آج یہ تعلیم یافتہ بلوچ نوجوان دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج پنجگور میں سپورٹس ویک کا انعقاد نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی نشو و نما کے حوالے سے ایک کامیاب کاوش تھا۔ کرکٹ، فٹ بال، بیڈمنٹن اور موٹر سائیکل سلو ریس جیسے مقابلوں نے نہ صرف صحت مند سرگرمیوں کا رجحان پیدا کیا بلکہ نوجوانوں کو نظم و ضبط، ٹیم ورک اور خود اعتمادی کا درس بھی دیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات کی تقسیم نے ان کی حوصلہ افزائی کو دوچند کر دیا۔ اسی سلسلے کی سب سے بڑی اور یادگار سرگرمی آل مکران پنجگور یوتھ فیسٹیول تھی، جو اپنی نوعیت کا پہلا جامع فیسٹیول ثابت ہوا۔ ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے منعقدہ اس تین روزہ فیسٹیول نے پنجگور کے نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جہاں تعلیم، کھیل، ثقافت اور فن یکجا نظر آئے۔ فوڈ اور کلچرل سٹالز، آرٹس نمائش، یوتھ ورکشاپس، مشاعرہ اور میوزیکل پروگرام نے فیسٹیول کو رنگا رنگ بنا دیا۔ مقامی آرٹسٹ، حفیظ گوہر جی، نور فاطمہ اور شمس کی شرکت اور ان کے فن پاروں کی پذیرائی اس بات کی علامت تھی کہ پنجگور کا نوجوان تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال ہے۔ اس طرح کے مواقع نوجوانوں میں خود اعتمادی پیدا کرتے ہیں اور انہیں معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی راہ دکھاتے ہیں۔ پنجگور میں ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کا کردار ایک جامع ماڈل کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ یہ اقدامات ثابت کرتے ہیں کہ ریاستی ادارے عوام کے دکھ درد میں شریک ہیں، اور ان کی بنیادی ضروریات کو سمجھتے ہوئے نوجوانوں کو مثبت مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تبھی تو اعتماد، امن اور ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔ پنجگور آج اسی راستے پر گامزن دکھائی دیتا ہے، اور اس سفر میں ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کا کردار ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ بلاشبہ ملک کی سلامتی ہو یا دہشت گردی کے سائے ہوں یا پھر کسی بھی قسم کی قدرتی آفات، ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کے جوانوں نے اپنی جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے لبیک کہتے ہوئے آگے بڑھ کر بلوچ بھائیوں کی مدد کی ہے۔ آج مٹھی بھر ملک دشمن عناصر جنوبی بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں مگر وہ یہ نہیں جانتے کہ جب تک ایف سی (سائوتھ) موجود ہے ان کے یہ حربے کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ ایف سی بلوچستان کے یہ جوان اپنی مٹی، اپنی قوم اور سبز ہلالی پرچم سے عشق کرتے ہیں۔ ان کے لیے ڈیوٹی محض ایک ذمہ داری نہیں، ایک عبادت ہے۔ ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے جنوبی بلوچستان میں امن کی قیمت اپنے لہو سے ادا کی ہے، اور ان کی موجودگی میں دشمن اپنے کسی بھی مذموم مقصد میںکبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔
ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) سکیورٹی سے عوامی خدمت تک
09:07 AM, 22 Dec, 2025