فریال تالپور کی زیرصدارت پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کا اہم تنظیمی اجلاس

04:47 PM, 22 Aug, 2026

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنماؤں اور کارکنوں کا اہم اجلاس پیپلز پارٹی ویمنز ونگ کی صدر فریال تالپور کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا، جس میں پارٹی کے تنظیمی امور اور وسطی پنجاب میں سیاسی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وسطی پنجاب بھر میں پیپلز پارٹی کو دوبارہ منظم، مضبوط اور مزید وسعت دینے کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ شرکا نے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کا جائزہ لیتے ہوئے کارکنوں کو مزید متحرک کرنے اور عوامی رابطہ مہم کو مؤثر بنانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری، سابق وزیراعظم اور پی پی پی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف، مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن اور پی پی پی وسطی پنجاب کے سیکرٹری جنرل سید حسن مرتضیٰ سمیت اہم رہنماؤں اور اراکینِ اسمبلی نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے اور سیاسی سطح پر پیپلز پارٹی کو فعال بنانے کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وسطی پنجاب میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ کارکنوں اور عوام کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں