پاکستان اور ملائیشیا کا سکیورٹی و تجارتی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

12:48 PM, 22 Aug, 2026

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سکیورٹی، تجارت اور ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام، انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل مکانی کے خلاف دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ صدر مملکت نے داخلی سلامتی، امیگریشن اور قانونی و عدالتی امور میں ادارہ جاتی تعاون کو سراہا۔

آصف علی زرداری نے ملائیشیا کی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کے لیے مزید رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی چاول، آلو، گندم، پولٹری اور جانوروں کی خوراک سمیت مختلف مصنوعات کی ملائیشین مارکیٹ میں طلب موجود ہے، جس سے دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔

ملائیشین وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اس وقت ہفتہ وار 14 پروازیں چل رہی ہیں جبکہ فضائی رابطوں میں مزید اضافے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2026 میں دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کو 69 سال مکمل ہو رہے ہیں۔

بعد ازاں ملائیشین وزیر داخلہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، سائبر کرائمز اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف تعاون بڑھانے، انٹیلی جنس شیئرنگ، کوسٹ گارڈز اور تربیتی پروگرامز میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں جانب سے سیاحت کے فروغ اور ویزا سہولیات میں آسانی کے لیے بھی اقدامات بڑھانے پر بات چیت ہوئی، جبکہ متعلقہ اداروں کے درمیان روابط مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

مزیدخبریں