غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں، وزیر مملکت وجیہہ قمر

11:26 AM, 22 Aug, 2026

لاہور: وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل ملکی ترقی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے جبکہ نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔

’سی پاکستان 2026‘ سے خطاب کرتے ہوئے وجیہہ قمر نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان دفاعی معاہدہ طے پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔

وزیر مملکت برائے تعلیم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ نوجوانوں کو مناسب مواقع اور پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں تو وہ ملکی معیشت اور ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج چار ہزار سے زائد نوجوان اس ہال میں موجود ہیں، جو نوجوانوں کی کاروباری اور تخلیقی سرگرمیوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔

وجیہہ قمر نے بتایا کہ ایک سال قبل ایک یونیورسٹی میں تقریباً 100 اسٹارٹ اپس موجود تھے، تاہم اب اسٹارٹ اپ کلچر تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور نوجوان نئے کاروباری آئیڈیاز کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’سی پاکستان 2026‘ نوجوانوں کو اپنے کاروباری منصوبے پیش کرنے اور انہیں ملکی و عالمی سطح پر متعارف کرانے کا بہترین موقع فراہم کر رہا ہے۔ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزیدخبریں