مریم محمود ریکسیم اے ایف سی کے آنر بورڈ کا حصہ بن گئیں

12:03 PM, 22 Aug, 2026

لاہور : پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی سٹار کھلاڑی مریم محمود نے ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔ برطانوی فٹبال کلب ریکسیم اے ایف سی نے پاکستان کی نمائندگی کرنے پر انہیں اپنے انٹرنیشنل آنرز بورڈ میں شامل کرلیا ہے۔

مریم محمود ریکسیم ایف سی ویمنز کے آنر بورڈ میں جگہ بنانے والی پہلی خاتون کھلاڑی ہیں۔ کلب کے اسی بورڈ پر پاکستان مینز ٹیم کے فٹبالر عمر نواز کا نام بھی پہلے سے درج ہے۔

اپنے نام کی شمولیت پر مریم محمود نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنر بورڈ پر اپنا نام دیکھنا ان کے لیے انتہائی خاص اور فخر کا لمحہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کا تجربہ ان کے لیے ناقابلِ فراموش رہا، جبکہ کلب کے معروف کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا نام دیکھنا کسی خواب کے پورا ہونے جیسا محسوس ہوتا ہے۔

مریم محمود نے کہا کہ قومی ٹیم کے لیے پہلی مرتبہ میدان میں اترنا اور پاکستانی شائقین کی جانب سے ملنے والی محبت ان کے کیریئر کے یادگار لمحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے آئیوری کوسٹ میں تین بین الاقوامی میچز کھیلنے کو بھی اپنے فٹبال سفر کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

فٹبالر نے مزید کہا کہ وہ اپنی کامیابی کے ذریعے نوجوان نسل، خصوصاً لڑکیوں کو کھیلوں کی طرف آنے کی ترغیب دینا چاہتی ہیں۔ ان کے مطابق بچپن میں انہیں کسی خاتون فٹبالر کو رول ماڈل بنانے کا موقع نہیں ملا، اسی لیے اب وہ خود آنے والی نسل کے لیے ایک مثال بننا چاہتی ہیں۔

مریم محمود کا ریکسیم اے ایف سی کے آنر بورڈ میں شامل ہونا نہ صرف ان کے ذاتی کیریئر کی بڑی کامیابی ہے بلکہ پاکستانی خواتین فٹبال کے لیے بھی ایک قابلِ فخر پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں