نیو یارک : امریکا میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد ہونے والی جھڑپوں پر فیفا نے ارجنٹائن کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے خلاف کارروائی کردی۔ فیفا ڈسپلنری کمیٹی نے مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز کو 10 میچز کے لیے معطل کرنے کے ساتھ 90 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ عائد کیا ہے۔
ناہوئل مولینا کو بھی 7 میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ ان پر 90 ہزار ڈالر جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ فیفا کے مطابق یہ سزائیں 19 جولائی کو امریکا کے نیویارک نیو جرسی سٹیڈیم میں سپین اور ارجنٹائن کے درمیان فائنل کے اختتام پر پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کی تحقیقات کے بعد سنائی گئی ہیں۔
واقعے کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد فیفا نے دیگر ارجنٹائنی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے خلاف بھی مختلف سزاؤں کا اعلان کیا۔
تھیاگو الماڈا اور پابلو مارٹن پائز گاویرا کو ایک، ایک میچ کے لیے معطل کیا گیا جبکہ دونوں پر 30 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا۔ ٹیم آفیشل روبرٹو آیالا کو 3 میچز کی پابندی اور 30 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔
فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر بھی مختلف خلاف ورزیوں کے باعث مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا۔ ایسوسی ایشن کو غیر اسپورٹس مین رویے، ٹیم کی بدسلوکی، شائقین کے امتیازی نعروں اور سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔
فیصلے کے تحت ارجنٹائن کو اپنے اگلے دو ہوم میچز میں اسٹیڈیم کی گنجائش کے صرف 50 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت دینا ہوگی، تاہم ان میں سے ایک میچ کی پابندی معطل کردی گئی ہے۔
فیفا نے مزید ہدایت دی ہے کہ جرمانے کی ایک لاکھ ڈالر رقم امتیازی سلوک کے خلاف اقدامات کے لیے استعمال کی جائے، جبکہ مزید ایک لاکھ ڈالر کی سزا معطل رکھی گئی ہے۔
متعلقہ فریقین کو فیصلے کی مکمل وجوہات حاصل کرنے اور اس کے خلاف اپیل کرنے کے لیے 10 دن کا وقت دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2026 کا فائنل امریکا میں اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلا گیا، جس میں اسپین نے ارجنٹائن کو 1-0 سے شکست دے کر عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔