کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمت میں ایک دن کے اضافے کے بعد ایک بار پھر نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق جمعہ کے روز 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 1500 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 55 ہزار 700 روپے ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز یہی سونا 3 لاکھ 57 ہزار 200 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔
10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت میں بھی 1286 روپے کی کمی ہوئی، اور نئی قیمت 3 لاکھ 6 ہزار 241 روپے مقرر ہوئی، جو اس سے پہلے 3 لاکھ 4 ہزار 955 روپے تھی۔
22 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت میں بھی 1179 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 2 لاکھ 80 ہزار 731 روپے ہو گئی، جبکہ گزشتہ روز یہ 2 لاکھ 79 ہزار 552 روپے میں دستیاب تھا۔
چاندی کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ فی تولہ چاندی 4 ہزار 13 روپے اور 10 گرام 3 ہزار 440 روپے پر برقرار رہی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس نرخ 15 ڈالر کم ہو کر 3 ہزار 330 ڈالر ہو گئے۔ چاندی کی قیمت عالمی سطح پر 37.80 ڈالر فی اونس پر مستحکم رہی۔