بجلی کی قیمت میں ممکنہ کمی، نیپرا میں درخواست دائر

08:24 AM, 22 Aug, 2025

اسلام آباد: کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی سستی ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے، جب کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو بجلی 1 روپے 69 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست موصول ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) نے جولائی 2025 کے لیے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر بجلی کی قیمت میں کمی کی درخواست جمع کروائی ہے۔  28 اگست کو اس درخواست پر سماعت ہوگی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پاور ڈویژن نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کی ہدایت پر نیپرا کو یکساں ٹیرف سے متعلق پالیسی گائیڈ لائنز بھی بھجوا دی ہیں، جن کے تحت اب فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پورے ملک میں یکساں لاگو ہوگی — بشمول کے-الیکٹرک۔

واضح رہے کہ 19 اگست کو ای سی سی نے ملک بھر میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کو یکساں بنانے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد یہ فیصلہ نیپرا کے حتمی جائزے کا منتظر ہے۔

مزیدخبریں