لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے ایک اہم میچ میں پشاور زلمی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے مقابلے میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ جیسن روئے نے 85 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ اعظم خان نے 35 رنز اسکور کیے۔
پشاور زلمی کی جانب سے نوجوان فاسٹ بولر علی رضا نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کے آخری لمحات میں ہیٹ ٹرک مکمل کی اور مجموعی طور پر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین بولر بن گئے۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 19ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ رنز حاصل کر لیے۔ کوشل مینڈس 80 رنز اور فرحان یوسف 58 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس کامیابی کے ساتھ پشاور زلمی نے ایونٹ میں اپنی آٹھویں فتح سمیٹی اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن مضبوط کر لی۔ ٹیم 9 میچز میں 17 پوائنٹس کے ساتھ اب تک ناقابل شکست ہے جبکہ ایک میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا تھا۔
دوسری جانب کراچی کنگز 8 میچز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ پشاور زلمی پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔