بیجنگ: پاکستان اور چین کی لازوال دوستی اب خلا کی وسعتوں میں بھی نئی تاریخ رقم کرنے کو تیار ہے۔ چین نے اپنے باضابطہ انسانی خلائی پروگرام کے لیے دو پاکستانی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے، اس میں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد شامل ہیں۔ جنہیں 'تیانگونگ' خلائی اسٹیشن کے لیے تیار کیا جائے گا۔
چین کی خلائی ایجنسی کے مطابق، خلا بازوں کے انتخاب کا پہلا مرحلہ رواں ماہ اپریل کے آغاز میں مکمل ہوا تھا۔ منتخب شدہ دونوں امیدواروں کو جلد ہی چین بلا کر باقاعدہ تربیت دی جائے گی۔ تربیت مکمل ہونے پر ان میں سے ایک خوش نصیب کو خلائی مشن کا حصہ بنایا جائے گا، جبکہ دوسرا بطور ریزرو خلا باز خدمات انجام دے گا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ چین اپنے خلائی اسٹیشن پر کسی غیر ملکی خلا باز کو خوش آمدید کہے گا، اور یہ اعزاز پاکستان کے حصے میں آیا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی اسٹریٹجک اور سائنسی تعلقات کا مظہر ہے۔ چینی خلائی حکام کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت پاکستان اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبے میں اشتراک کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔
پاکستان کی بڑی کامیابی: دو پاکستانی خلا بازوں کا انتخاب، چین میں تربیت کا آغاز جلد متوقع
06:03 PM, 22 Apr, 2026