مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان متحرک: وزیراعظم کی ایرانی سفیر سے ملاقات، اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس

03:18 PM, 22 Apr, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات اور بعد ازاں ایک اہم مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم اور ایرانی سفیر کی ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال اور جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر     وزیراعظم نے علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے دوٹوک موقف سے آگاہ کیا۔    دونوں جانب سے خطے میں تعاون کے فروغ اور امن کی بحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔    ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
ایرانی سفیر سے ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی میں توسیع کے بعد کے منظر نامے پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں پاکستان کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کوششوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فریقین کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ اجلاس میں طے پایا کہ     پاکستان عالمی سطح پر کشیدگی میں کمی کے لیے 'سفارتی پل' کا کردار ادا کرتا رہے گا۔    خطے میں مستقل امن کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ رابطوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔

مزیدخبریں