یو این سیکرٹری جنرل کا پاکستان کی ثالثی پر بھرپور اعتماد، جنگ بندی میں توسیع کا خیر مقدم

10:40 AM, 22 Apr, 2026

نیویارک: اقوام متحدہ نے خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کو تسلیم کرتے ہوئے جنگ بندی میں حالیہ توسیع کو سراہا ہے۔ سیکرٹری جنرل نے اسے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری تناؤ کو ختم کرنے کے لیے ایک 'سنہری موقع' قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ وہ پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی اور ثالثی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ بات چیت کا عمل ایک ایسے نتیجے کی طرف بڑھے گا جو خطے کے مسائل کا جامع اور مستقل حل نکالنے میں مددگار ثابت ہو سکے۔
 یو این چیف کے مطابق جنگ بندی میں توسیع محض ایک وقفہ نہیں بلکہ ایران اور امریکہ کے لیے سفارتکاری کے بند دروازے کھولنے کا ایک اہم راستہ ہے۔عالمی ادارے نے اعتراف کیا کہ پاکستان کی کوششیں کشیدگی کم کرنے میں کلیدی ثابت ہوئی ہیں۔ تمام متعلقہ فریقین سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جنگ بندی کا احترام کریں اور اشتعال انگیزی سے مکمل گریز کریں۔

مزیدخبریں