جے ڈی وینس کا بھارت سے دفاعی سازوسامان اور توانائی کی تجارت بڑھانے کا عندیہ

06:57 PM, 22 Apr, 2025

ممبئی :امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھارت کے ساتھ توانائی اور دفاعی سازوسامان کی فروخت بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی شہر جے پور میں ایک تقریب کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکا اور بھارت کا مشترکہ تعاون عالمی سطح پر خوشحالی اور امن کے قیام کی جانب قدم اٹھا سکتا ہے۔

جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ اگر دونوں ممالک اس تعاون میں ناکام رہے تو 21ویں صدی انسانیت کے لیے ایک تاریک دور ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی تعریف کی
اس موقع پر امریکی نائب صدر نے اپنے بھارت کے چار روزہ ذاتی دورے کا ذکر کیا، جس دوران تجارتی مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے کی شرائط پر اچھی پیش رفت ہوئی ہے، اور اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں فریقین نے معاہدے کی بنیادی شرائط کو حتمی شکل دے دی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدے پر جلدی سے عمل کرنے کے لیے سرگرم ہے، اور وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے گزشتہ دنوں اس بات کا عندیہ دیا کہ موسم خزاں تک تجارتی معاہدے میں مثبت پیش رفت کی توقع ہے۔

مزیدخبریں