وزیراعظم کی گلیکسی سپیس وفد سے ملاقات، سپیس ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر بات چیت

12:37 PM, 22 Apr, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خلا سے متعلق ٹیکنالوجی، سیٹلائٹ انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن جیسے جدید شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ یہ بات انہوں نے چین کی سپیس ٹیکنالوجی کمپنی گلیکسی سپیس کے وفد سے ملاقات میں کہی، جس کی قیادت کمپنی کے چیئرمین زو منگ کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سپیس ٹیکنالوجی کو ترقی کا اہم ذریعہ سمجھتا ہے اور چین کو ایک سچا دوست اور اسٹریٹجک پارٹنر مانتا ہے۔ انہوں نے اس شعبے میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا۔ چینی وفد نے پاکستان میں سپیس ٹیکنالوجی، انٹرنیٹ اور ٹیلی کام کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی اور مختلف سرکاری اداروں سے ہونے والی ملاقاتوں کو مثبت اور فائدہ مند قرار دیا۔ ملاقات میں وفاقی وزرا، وزیراعظم کے مشیر اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ  وزیراعظم سے انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان میں مزدوروں کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور جمہوری اقدار کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ حکومت مزدوروں کی فلاح کے لیے مختلف منصوبے چلا رہی ہے، جن میں اولڈ ایج بینیفٹ اسکیم اور ورکر ویلفیئر فنڈ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں نوجوانوں کو ہنر سکھانے کے لیے تربیتی ادارے متحرک ہیں تاکہ وہ روزگار کے قابل بن سکیں۔

وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی پر بھی بات کی اور کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ 2022 کے سیلاب سے ملک کو 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا اور لاکھوں مزدوروں کی زندگیوں پر منفی اثر پڑا۔ انہوں نے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ ترقی پذیر ممالک کو ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مالی مدد دی جائے۔

مزیدخبریں