وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےآئی ایم ایف کو اصلاحات جاری رکھنے کی یقین دہانی کرادی

10:27 AM, 22 Apr, 2025

واشنگٹن : وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن کے دورے کے دوران عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں پاکستان کی معیشت، اصلاحات اور باہمی تعاون پر گفتگو ہوئی۔

محمد اورنگزیب  نے آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جورجیوا سے ملاقات میں حکومت کی جانب سے کیے گئے معاشی اقدامات پر روشنی ڈالی اور اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ ٹیکس نظام، توانائی، نجکاری اور سرکاری اداروں میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے آئی ایم ایف سربراہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دوبارہ دی۔

تاہم عالمی بینک کے صدر اجے بانگا سے ملاقات میں وزیر خزانہ  محمد اورنگزیب نے پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان جاری شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی بات کی اور ملک کی ترقی کے لیے تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

اس کے علاوہ، وزیر خزانہ نے امریکی محکمہ خزانہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری رابرٹ کیپروتھ سے بھی ملاقات کی اور انہیں پاکستان کی معاشی صورتحال اور حکومتی پالیسیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے امریکی بزنس لیڈرز سے ظہرانے پر بھی ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی نائب صدر اور امریکی کمپنی ڈیلوئٹ کی ٹیم سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری، توانائی اصلاحات اور معدنیات کے شعبے میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔

مزیدخبریں