پی ٹی آئی کو بند گلی میں نہ جانے کا مشورہ، اسلام آباد احتجاج پر سخت کارروائی ہوگی: محسن نقوی

11:57 AM, 21 Sep, 2026

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد پر دھاوا بولا تو سخت ترین قانونی ایکشن ہوگا، اس بار احتجاج سے نمٹنے کے لیے مستقل لائحہ عمل بنایا جائے گا۔

 لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اب ایسا نہیں ہوگا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد آئے اور سب کچھ بند ہوجائے، اس بار مستقل حل تلاش کیا جائے گا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ اب بھی وقت ہے، بند گلی میں نہ جائیں۔

 وفاقی وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی میں اکثریت لانگ مارچ کی حامی نہیں اور خود پی ٹی آئی کو بھی معلوم نہیں کہ اس کے مطالبات کیا ہیں۔

 محسن نقوی نے خیبرپختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہداء کے جنازوں میں صوبائی حکومت کے کسی وزیر نے شرکت نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اتنی بے حس ہوچکی ہے کہ شہداء کے جنازوں میں بھی نہیں آتی۔

 انہوں نے کہا کہ نئے صوبے ضرور بنیں گے اور اس حوالے سے کام جاری ہے۔ پٹرول کی سپلائی کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ موجودہ حالات میں سپلائی بحال رکھنا بہت مشکل ہے اور ایک ایک جہاز بڑی مشکل سے نکلوایا جارہا ہے۔

مزیدخبریں