اسلام آباد وفاق کی علامت ہے، سومنات نہیں، وفاق پوری قوت سے دفاع کرے گا: خواجہ آصف

11:16 AM, 21 Sep, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کے اسلام آباد سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد سومنات نہیں اور نہ ہی جنید اکبر محمود غزنوی ہیں۔

 خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد اسلام کا قلعہ اور وفاق کی علامت ہے۔ ان کے مطابق جنید اکبر کی زبان سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اقتدار کے حصول کے لیے کس حد تک جاسکتے ہیں۔

 وزیر دفاع نے خیبرپختونخوا میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ صوبے میں روز بہنے والے خون پر ان کا دل نہیں روتا؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا طالبان ان کے اتحادی ہیں جو خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر اہلکاروں کی شہادتوں کا سدباب کرنے کے بجائے انتشار اور نفرت کو ہوا دے رہے ہیں۔

 خواجہ آصف نے 27 ستمبر کو متوقع حملے سے متعلق بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ جس حملے کی بات کی جارہی ہے، کیا وہ طالبان کا حملہ ہے اور کیا پاکستان میں مقیم افغان شہری اس لشکر کا حصہ ہوں گے؟۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاق پوری قوت سے اسلام آباد کا دفاع کرے گا۔

مزیدخبریں