پاکستان نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو وہ زندگی بھریاد رکھے گا، وزیراعظم کا اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب

02:52 PM, 21 Sep, 2025

لندن  : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 10 مئی کی فتح نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو وہ ساری زندگی نہیں بھولے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ اب جب سیز فائر ہو چکا ہے، تو پاکستان امن چاہتا ہے، لیکن یہ امن برابری کی بنیاد پر ہوگا  اور کشمیر کے بغیر بات چیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

یہ بات انہوں نے لندن میں اوورسیز پاکستانیوں کے ایک بڑے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں ہزاروں پاکستانیوں نے شرکت کی۔ شہباز شریف کے ساتھ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے، جنہوں نے بھی جذباتی اور پُرعزم انداز میں خطاب کیا۔

وزیراعظم نے کشمیر کے معاملے پر سخت اور واضح مؤقف اپنایا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا "جو یہ سمجھتا ہے کہ کشمیر کے بغیر بھارت سے تعلقات بن سکتے ہیں، وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔"
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، لیکن امن صرف انصاف اور برابری سے آتا ہے، دباؤ یا خاموشی سے نہیں۔

 وزیراعظم نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 6 مئی کو بھارت نے پاکستان کے خلاف حملہ کیا، جس میں مساجد، شہری آبادی اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا "جب ہم پر حملہ ہوا تو ہمارے فیلڈ مارشل نے رابطہ کیا اور اجازت مانگی۔ میں نے کہا  ہاں، دشمن کو وہ سبق سکھائیں جو وہ یاد رکھے۔ اور پھر چند گھنٹوں میں بھارت کے 6 جہاز زمین بوس ہو چکے تھے۔" انہوں نے پاک فضائیہ اور بری افواج کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے جوانوں پر فخر ہے۔

 شہباز شریف نے اپنے خطاب میں اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو بھرپور سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگ پاکستان کے وہ سفیر ہیں جو دن رات محنت کر کے معیشت کا پہیہ چلاتے ہیں۔"
انہوں نے بتایا کہ رواں برس اوورسیز پاکستانیوں نے 48.5 ارب ڈالر ترسیلات زر بھیجی ہیں، جو پاکستان کے لیے ایک نعمت ہے۔

 وزیراعظم نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پر بھی بات کی اور کہا کہ 64 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، کھانے، پانی اور ادویات تک بند ہیں۔ پاکستان ہر فورم پر فلسطینی بھائیوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔"
 نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطاب میں کہا کہ جب شہباز شریف نے 2022 میں حکومت سنبھالی تو پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، لیکن مسلسل محنت سے معیشت کو سنبھالا گیا۔ انہوں نے کہا "آج مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد پر آ گئی ہے، اور پاکستان دنیا میں پھر سے اپنی جگہ بنا رہا ہے۔"انہوں نے بھارت کو دی گئی شکست کو "تاریخی" قرار دیا۔

 وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کو جس انداز میں جواب دیا گیا، اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ "ہم نے صرف جنگی میدان میں نہیں، معیشت اور سفارتکاری میں بھی دشمن کے بیانیے کو شکست دی ہے۔"
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ ہو چکا ہے، اور اوورسیز پاکستانی آج خود پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں