پنجاب میں سیلابی صورتحال بہتر، بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر آ گیا ، پی ڈی ایم اے

01:37 PM, 21 Sep, 2025

لاہور: پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور بیشتر دریاؤں میں پانی کی سطح کم ہو گئی ہے۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق اس وقت صوبے میں کسی بڑے خطرے کی صورتحال نہیں ہے، تاہم مسلسل نگرانی جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ بیان کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر پانی کا بہاؤ 98 ہزار کیوسک اور سلیمانکی پر 82 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے چناب کے مرالہ کے مقام پر 43 ہزار، خانکی پر 38 ہزار اور قادر آباد پر 37 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ہیڈ تریموں پر بھی پانی کی مقدار 38 ہزار کیوسک ہے جبکہ پنجند پر بہاؤ بڑھ کر 1 لاکھ 18 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔ اس کے برعکس دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ صرف 7 ہزار کیوسک ہے، جو خطرے کی سطح سے کہیں کم ہے۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی مرمت اور شگاف پر کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ کل کنول روڈ، بستی عظیم شاہ، اور خیرپور سلطان پور روڈ پر شگاف بھر کر سڑکیں دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔

اسی طرح علی پور، ماڑی روڈ اور عظمت پور میں بھی مرمت کا عمل جاری ہے۔ علی پور میں عوام کی سہولت کے لیے ایک عارضی پل بھی تعمیر کیا گیا ہے تاکہ آمد و رفت میں آسانی ہو۔پی ڈی ایم اے نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

مزیدخبریں