ڈی جی آئی ایس پی آر کا کیڈٹ کالج پلندری کا دورہ، طلباء و اساتذہ سے ملاقات

11:17 AM, 21 Sep, 2025

راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کیڈٹ کالج پلندری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلباء اور اساتذہ سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر کالج کے طلباء نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا، خصوصاً دشمن کے خلاف مختلف معرکوں میں حاصل کی گئی کامیابیوں پر پاک فوج کے کردار کو سراہا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے نوجوانوں کو پاکستان کی دفاعی طاقت، سکیورٹی چیلنجز اور پاک فوج کے کردار کے حوالے سے آگاہ کیا۔ طلباء و اساتذہ نے ان کی گفتگو کو نہایت معلوماتی اور حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

پرنسپل کیڈٹ کالج پلندری کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی باتوں نے ہمارے جذبے اور حوصلے کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔

اس موقع پر شرکاء نے واضح پیغام دیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی جارحیت کی کوشش کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر و پاکستان ایک دوسرے سے الگ نہیں کیے جا سکتے۔ قائداعظم کے فرمان کے مطابق کشمیر ہمیشہ پاکستان کا حصہ تھا، ہے اور رہے گا۔

شرکاء نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں اور غلط خبروں سے محتاط رہنے کی بھی تلقین کی، اور کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی خبر پر یقین کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کرے۔

آخر میں کالج کے پہلے شہید، میجر رب نواز طارق کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، اور شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر مشکل وقت میں افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مزیدخبریں