ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی سے تعاون ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

02:56 PM, 21 Sep, 2025

تہران: ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے ساتھ تعاون ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف نئی پابندیوں کی قرارداد مسترد ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کی وجہ سے اب مزید تعاون ممکن نہیں رہا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں حالیہ قرارداد میں چار ممالک نے پابندیوں کو روکنے کے حق میں ووٹ دیا، لیکن نو ممالک نے پابندیوں میں نرمی کی مخالفت کی۔ ایران نے اس فیصلے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کبھی بھی دباؤ میں نہیں آئے گا اور پابندیوں کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نطنز اور فردو جیسے جوہری مراکز پر حملے ایران کو نہیں روک سکتے کیونکہ یہ تنصیبات انسانوں نے بنائی ہیں اور اگر چاہیں تو دوبارہ بھی تعمیر کر سکتے ہیں۔

پزشکیان نے زور دیا کہ ایران اپنی جوہری خودمختاری پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور پابندیوں کے باوجود ملک اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنائے گا۔

مزیدخبریں