اگر افغانستان نے بگرام ائیر بیس واپس نہ کیا تو نتائج سنگین ہوں گے ، ڈونلڈ ٹرمپ کا انتباہ

10:50 AM, 21 Sep, 2025

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر افغانستان نے بگرام ائیر بیس امریکا کو واپس نہ کیا تو اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ یہ ائیر بیس امریکا نے بنایا تھا اور اسے واپس لینا بہت ضروری ہے۔

امریکا اور طالبان کے درمیان انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں بات چیت ہو رہی ہے جس میں بگرام ائیر بیس پر محدود تعداد میں امریکی فوجی تعینات کرنے کا امکان زیر غور ہے۔ ان مذاکرات کی قیادت امریکی نمائندہ خصوصی ایڈم بوہلر کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے پہلے بھی کہا تھا کہ امریکا کو بگرام ائیر بیس افغانستان کو چھوڑنا نہیں چاہیے تھا اور اب وہ اسے واپس لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ائیر بیس چین کے جوہری ہتھیار بنانے والی جگہ کے قریب واقع ہے، اس لیے اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔

گذشتہ دنوں برطانیہ کے دورے کے دوران ٹرمپ نے برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ امریکا نے طالبان کو بگرام ائیر بیس مفت میں دے دیا لیکن اب اسے واپس لینے کی کوششیں شروع ہو گئی ہیں۔

یاد رہے کہ 2021 میں افغانستان سے غیر ملکی فوجوں کے انخلا کے دوران امریکا نے یہ ائیر بیس افغان حکام کے حوالے کیا تھا۔ ٹرمپ نے اسلحہ اور ائیر بیس دونوں کو واپس لینے کا اعلان کیا تھا اور اب اس سلسلے میں امریکا اور افغانستان کے درمیان باقاعدہ مذاکرات ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں