کشمیر کے مسئلے کے بغیر بھارت سے تعلقات ممکن نہیں ، شہباز شریف

10:03 AM, 21 Sep, 2025

لندن : لندن میں اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشمیر کے مسئلے کے حل کے بغیر قائم نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ کشمیر کو حل کیے بغیر دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں تو وہ غلط فہمی میں ہے۔ وزیراعظم نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جھگڑالو پڑوسی بننے کی بجائے اچھے ہمسائے کی طرح رہنا چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک جو جنگیں ہوئیں، ان پر اربوں ڈالر خرچ ہو چکے ہیں، جو کہ ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح پر لگانے چاہئیں۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو بھی سراہا اور بتایا کہ اس سال اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان کو ساڑھے 48 ارب ڈالر بھیجے ہیں جو ملک کی معیشت کے لیے بہت اہم ہیں۔

وزیراعظم نے غزہ میں فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کی شدید مذمت کی اور کہا کہ وہاں کی صورتحال بہت خراب ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان عالمی سطح پر اپنے موقف کو مضبوطی سے پیش کرتا رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف اب لندن سے امریکہ جا رہے ہیں جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور غزہ پر ہونے والے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

مزیدخبریں