کراچی : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز خصوصاً دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات اجتماعی بصیرت اور یکجہتی کا تقاضا کرتے ہیں۔
کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ملک ایک نازک دور سے گزر رہا ہے، اور ہم سب کو مل کر اس بھنور سے نکلنے کی کوشش کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بحالی کے لیے ملک بھر میں مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور فتنۂ خوارج کے خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی قیادت سے رابطے میں ہوں تاکہ ایک قومی بیانیہ تشکیل دیا جا سکے۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ ملک میں امن کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کے امن و امان کے حوالے سے بھی وزیر داخلہ سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے محسن نقوی کی کراچی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار ملک میں جمہوریت اور امن کے استحکام میں نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کی کارکردگی دیگر صوبوں کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔