راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان کی اسپن بولنگ کے سامنے جنوبی افریقہ بے بس، دوسرے دن 4 وکٹوں پر 185 رنز

06:05 PM, 21 Oct, 2025

راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام تک مہمان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے اور اب بھی 148 رنز کے خسارے میں ہے۔ پاکستانی اسپنرز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو دباؤ میں رکھا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 333 رنز بنائے۔ کپتان شان مسعود 87 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جب کہ سعود شکیل نے 66 اور عبداللہ شفیق نے 57 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کے تجربہ کار اسپنر کیشَو مہاراج نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں اپنے نام کیں، جب کہ سائمن ہارمر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں جنوبی افریقی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ ایڈن مارکرم 32 اور رکّلٹن 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ٹونی ڈے زورزی نے 55 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت ضرور کی، لیکن آصف آفریدی اور ساجد خان نے اہم وکٹیں لے کر میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط کر دی۔

کھیل کے اختتام پر ٹرسٹن اسٹبز 68 اور کائل ویریاین 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی نے 2، شاہین شاہ آفریدی اور ساجد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

راولپنڈی کی پچ اسپنرز کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، اور تیسرے دن کے کھیل میں میچ کا رخ مزید واضح ہونے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں