لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کی مکمل اپگریڈیشن کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت آئندہ ماہ سے سٹیڈیم میں تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، سٹیڈیم کے تمام پرانے سٹینڈز کو گرا کر جدید طرز پر نئے سٹینڈز بنائے جائیں گے، اور سٹیڈیم کے نظارے کو بہتر بنانے کے لیے سٹینڈز کے باہر لگے جنگلے بھی ہٹا دیے جائیں گے۔ نیا ڈیزائن لاہور کے قذافی سٹیڈیم سے ملتا جلتا ہو گا، مگر اس میں چھتوں کی تنصیب کا کام بعد میں مکمل کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، پی سی بی سی ڈی اے کے تعاون سے اسلام آباد میں نیا کرکٹ سٹیڈیم بھی بنا رہا ہے، جس کا انتظامی کنٹرول سی ڈی اے کے پاس ہوگا، لیکن پی سی بی کو وہاں بین الاقوامی اور ڈومیسٹک میچز کرانے کی اجازت حاصل ہو گی۔
پی سی بی نے لاہور، کراچی اور راولپنڈی کے سٹیڈیمز کی اپگریڈیشن کے لیے 18 ارب روپے مختص کیے ہیں، جن میں سے پہلے مرحلے میں 10.5 ارب روپے کی رقم تعمیراتی کاموں پر خرچ کی جا چکی ہے۔