لندن : برطانیہ میں بلوچ نیشنل موومنٹ کے مظاہرے کا پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا ہے، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ مظاہرین بلوچستان کے حالات سے ناآشنا تھے اور انہیں اس مظاہرے میں شامل کرنے والے کسی غیر ملکی ایجنڈے کا حصہ تھے۔
ایک خاتون صحافی نے مظاہرین سے سوالات کیے جن سے یہ حقیقت کھل کر سامنے آئی کہ مظاہرین نے جن تصاویر کے ساتھ احتجاج کیا تھا، ان کے بارے میں انہیں کچھ نہیں پتا تھا۔ خاتون صحافی نے سوال کیا کہ آیا مظاہرین اور غیر مقامی افراد کو کرایے پر لایا گیا تھا، تو وہ اس پر جواب دینے سے کتراتے رہے۔
یہ مظاہرہ، جو جھوٹے نعروں اور مصنوعی جذبات پر مبنی تھا، ایک پروپیگنڈے کا حصہ تھا جس کا مقصد بلوچستان میں انتشار پھیلانا تھا۔ سوشل میڈیا پر بھی کچھ جعلی تصاویر اور گمراہ کن دعوے پھیلائے گئے تھے، جن کا مقصد بلوچستان میں حالات کو مزید خراب کرنا تھا۔
دوسری طرف، بلوچستان کے علاقے زہری میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرکے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کیا اور وہاں کے لوگوں کو امن و سکون فراہم کیا۔ اب زہری کی سڑکیں کھلی ہوئی ہیں، بازار آباد ہیں اور بچے بلا خوف و خطر سکول جا رہے ہیں۔