سانائے تاکائچی جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب

10:57 AM, 21 Oct, 2025

ٹوکیو : سانائے تاکائچی جاپان کی تاریخ میں پہلی بار وزیرِاعظم بن گئیں ہیں، اور وہ ملک کی پہلی خاتون وزیرِاعظم کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق، تاکائچی کو جاپان کی پارلیمنٹ کے 465 ارکان میں سے 237 نے ووٹ دیا۔ وزیراعظم بننے کے لیے انہیں 233 ارکان کی حمایت درکار تھی، جو انہوں نے حاصل کر لی۔

سانائے تاکائچی ایک سابقہ ٹی وی اینکر اور میوزک بینڈ کی ڈرمر رہ چکی ہیں۔ ان کا سیاست میں آنے کا سفر 1993 میں شروع ہوا، جب انہوں نے آزاد امیدوار کے طور پر ایوانِ زیریں کی نشست جیتی۔ اگرچہ 1992 میں ان کا پہلا انتخاب ناکام رہا، لیکن وہ ہمت نہ ہاریں اور اگلے سال آزاد حیثیت میں اسمبلی کی رکن منتخب ہو گئیں۔ 1996 میں انہوں نے جاپانی سیاسی جماعت ایل ڈی پی میں شمولیت اختیار کی اور اس کے بعد سے 10 بار پارلیمنٹ کی رکن منتخب ہو چکی ہیں۔

تاکائچی نے کئی اہم وزارتوں میں کام کیا، جن میں اقتصادی تحفظ، تجارت و صنعت، داخلہ اور مواصلات شامل ہیں۔ وہ پارٹی کی قدامت پسند آواز کے طور پر بھی جانی جاتی ہیں اور ان کی سیاست میں ایک مضبوط شناخت ہے۔

2021 میں انہوں نے پہلی بار ایل ڈی پی کی قیادت کے لیے الیکشن لڑا، لیکن سابق وزیراعظم فومیو کشیدا سے شکست کھا گئی۔ پھر 2024 میں وہ دوبارہ قیادت کی دوڑ میں شامل ہوئیں اور اس بار پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، حالانکہ وہ آخرکار وزیراعظم شیگیرو ایشیبا سے ہار گئیں۔

رواں سال اپنی تیسری کوشش میں، سانائے تاکائچی نے وزیرِاعظم بننے کی راہ ہموار کر لی، اور پارلیمنٹ نے ان کی تقرری کی توثیق کر دی۔

مزیدخبریں