اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ صدر الہام علیوف کی قیادت میں ڈی ایٹ فورم کی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی آئی ہے اور رکن ممالک کو عالمی سطح پر ابھرتے ہوئے چیلنجز کے مقابلے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منظر نامہ تیزی سے بدل رہا ہے اور ڈیجیٹل میڈیا اب ابلاغ کا سب سے تیز اور مؤثر ذریعہ بن چکا ہے۔ ان کے مطابق پروپیگنڈا اور غلط معلومات نے دنیا بھر میں گمراہ کن بیانیوں کو جنم دیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ڈی ایٹ ممالک اپنی درست اور مثبت کہانیاں عالمی برادری تک پہنچائیں۔
عطا تارڑ نے زور دیا کہ ڈیجیٹل امیگرنٹس اور نئے ڈیجیٹل بیانیے کے درمیان رابطے کا پل قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ اور مثبت استعمال کی تربیت دینا بھی ناگزیر ہے تاکہ وہ مؤثر طریقے سے معلوماتی محاذ پر اپنا کردار ادا کرسکیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں 117 ملین انٹرنیٹ صارفین اور 80 ملین سوشل میڈیا یوزرز موجود ہیں جبکہ ملک کی 68 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران نوجوانوں نے معلوماتی محاذ پر بھرپور کردار ادا کیا جس نے قومی بیانیے کو تقویت دی۔
عطا تارڑ کے مطابق درست معلومات کی بروقت فراہمی مضبوط قومی بیانیہ تشکیل دینے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ حکومت پاکستان نے شفاف، ذمہ دارانہ اور بروقت ابلاغ کو اپنی ترجیح بنایا ہے جبکہ فیکٹ چیکنگ، پیشگی آگاہی اور میڈیا لٹریسی کو بھی اہم ترجیحات قرار دیا گیا ہے۔