کے پی میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی: انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر سمیت 23 دہشت گرد ہلاک

09:40 PM, 21 May, 2026

پشاور:خیبرپختونخوا میں بدامنی پھیلانے کی بڑی سازش ناکام بنا دی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 23 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیرِ زمین بنکرز اور ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے صوبے کے مختلف حساس علاقوں میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر انتہائی مربوط آپریشنز کیے۔ اس دوران دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 23 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے خودکار ہتھیار اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں فتنہ الخوارج کا اہم ترین رنگ لیڈر جان میر عرف طور ثاقب بھی شامل ہے۔ ہلاک کمانڈر معصوم شہریوں پر حملوں اور سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد سنگین کارروائیوں میں ملوث ہونے کی بنا پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، جس کے سر کی قیمت بھی مقرر تھی۔
رپورٹ کے مطابق  ہلاک ہونے والے خارجیوں کو بھارتی سرپرستی حاصل تھی اور وہ پڑوسی ملک کے اشاروں پر پاکستان میں دہشت گردی کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ آپریشن کے دوران فورسز نے تلاشی کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے دہشت گردوں کی زیرِ زمین خفیہ سرنگوں اور بنکرز کے پورے نیٹ ورک کو ملیامیٹ کر دیا۔
علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے اور ان کے بقیہ سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

مزیدخبریں