اسلام آباد :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیرِ اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے ملاقات کی ہے۔ زرداری ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، تعمیر و ترقی اور انتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِ اعظم فیصل راٹھور کو ہدایت کی کہ وہ آزاد کشمیر میں عوامی روابط کی مہم کو تیز کریں اور نچلی سطح پر جا کر عوام کے مسائل خود سنیں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں مثالی طرزِ حکومت (گڈ گورننس) اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے، اور عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو حکومت کی اب تک کی کارکردگی اور مستقبل کے ترقیاتی پلان پر بریفنگ دی۔ انہوں نے پارٹی قیادت کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ خطے کی ترقی اور پارٹی منشور پر عملدرآمد کے لیے تمام تر وسائل کا دانشمندانہ استعمال یقینی بنائیں گے۔