اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان کی اسلام آباد آمد پر ان کے اعزاز میں ایک خصوصی ناشتے کی میزبانی کی، جہاں پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کے مابین تعلقات کی گہرائی اور مستقبل کے فلاحی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے نوجوان نسل کو بااختیار بنانے اور ان میں کاروباری رجحانات کو پروان چڑھانے کے لیے آغا خان نیٹ ورک کی خدمات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے خاص طور پر گلگت بلتستان اور چترال جیسے پہاڑی اور دور افتادہ علاقوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان پسماندہ خطوں میں تعلیم، صحت اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں اے کے ڈی این کا متحرک کردار ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔