اسلام آباد: پاکستان نے 'گلوبل صمود فلوٹیلا' کے خلاف اسرائیل کے جارحانہ اقدام پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ امدادی مشن پر مامور فلوٹیلا کو بین الاقوامی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر نشانہ بنایا گیا، جو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، اس کارروائی کے دوران انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت کام کرنے والے رضاکاروں کو من مانی حراست میں لیا گیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔ ان زیرِ حراست افراد میں معروف پاکستانی سماجی کارکن سعد ایدھی بھی مبینہ طور پر شامل ہیں۔ پاکستان نے عالمی برادری سے اس کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے اسرائیل سے تمام گرفتار کارکنوں کی فوری اور بحفاظت رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔