لاہور: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے پہلے کوالیفائر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 30 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں کوئٹہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سعود شکیل جلدی آؤٹ ہو گئے لیکن فن ایلن اور ریلی روسو نے ٹیم کو سنبھالا اور 44 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ روسو 16، حسن نواز 6 اور فن ایلن 41 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
بعد ازاں فہیم اشرف اور دنیش چندیمل کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ نے مقررہ اوورز میں 209 رنز کا بڑا ہدف سیٹ کیا۔ چندیمل 48 پر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ فہیم نے 45 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
جواب میں اسلام آباد کی ٹیم ابتدا میں ہی دباؤ کا شکار ہوگئی، ایلکس ہیلز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ صاحبزادہ فرحان اور وین ڈر ڈیوسن نے 71 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن ڈیوسن 35 اور فرحان 52 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔
کپتان شاداب خان 16 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ آغا سلمان نے 44 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، تاہم دیگر بلے باز ٹیم کو جیت کی دہلیز تک نہ لے جا سکے۔ اسلام آباد کی پوری ٹیم 179 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
کوئٹہ کے عثمان طارق نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عامر، فہیم اشرف اور وسیم جونیئر نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ دوسری جانب، اسلام آباد یونائیٹڈ کو الیمنیٹر 2 میں ایک اور موقع ملے گا۔ الیمنیٹر میچ میں کل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے، جس کی فاتح ٹیم اسلام آباد سے ٹکرائے گی۔