لاہور: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 210 رنز کا ہدف دے دیا۔
یہ میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے، جہاں کوئٹہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
کوئٹہ کی اننگز کا آغاز سعود شکیل اور فن ایلن نے کیا، مگر سعود شکیل ابتدا ہی میں پویلین لوٹ گئے۔ بعد میں فن ایلن اور ریلی روسو نے 44 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، جس کے بعد روسو 16 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ حسن نواز نے 6 اور فن ایلن نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔
اننگز کے اختتام پر دنیش چندیمل اور فہیم اشرف نے برق رفتاری سے رنز بنائے، جس کی بدولت ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 209 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر اسکور کیے۔
بولنگ کے شعبے میں اسلام آباد کی جانب سے بین ڈی وارشیوس اور سلمان ارشاد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہم ہے، کیونکہ جیتنے والی ٹیم فائنل میں جگہ بنا لے گی۔