بھارت پانی کواسلحہ کےطورپراستعمال کرکےدہشتگردی پھیلارہاہے،بلاول بھٹو

02:22 PM, 21 May, 2025

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور عالمی سفارتی کمیٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت پر سخت تنقید کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، جس سے مستقبل میں جنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ بلاول بھٹو نے خبردار کیا کہ اگر جوہری ممالک کے درمیان جنگ ہوئی تو اس کے اثرات صرف پاکستان تک محدود نہیں رہیں گے، بلکہ پورے خطے کو اس کا سامنا ہو گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے بھارت کے خلاف دہشت گردی کی آڑ میں جارحیت کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے عالمی سطح پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پانی کے مسئلے کا حل تلاش کرنا ضروری ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو جنگ کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے پاکستان کا پیغام دنیا بھر میں امن کا پیغام قرار دیا اور کہا کہ ہم نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔

سفارتی کمیٹی کے رکن مصدق ملک نے بھارت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے بغیر شواہد کے پاکستان پر الزامات لگائے ہیں اور اب اس کا گھمنڈ ٹوٹ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور اگر بھارت نے جارحیت کی تو جواب زیادہ سخت ہو گا۔ 

سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے بھارت کی آبی جارحیت اور جوہری جنگ کے خطرات پر بات کی اور کہا کہ بھارت کا پاکستان مخالف بیانیہ خطے میں مزید کشیدگی پیدا کر رہا ہے۔ فیصل سبزواری نے کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور پانی روکنے کی سازشوں پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ پاکستان کا مقصد دنیا بھر میں اپنے مقدمے کو اجاگر کرنا ہے۔

پاکستان کی قیادت کا یہ موقف بھارت کے جارحانہ اقدامات کے خلاف عالمی سطح پر ایک مضبوط سفارتی مہم کو آگے بڑھا رہا ہے، جس کا مقصد امن کا پیغام پہنچانا اور بھارت کے رویے کی حقیقت کو اجاگر کرنا ہے۔

مزیدخبریں