پاکستان، چین اور افغانستان کا سی پیک کو افغانستان تک بڑھانے پر اتفاق

12:43 PM, 21 May, 2025

بیجنگ : پاکستان، چین اور افغانستان نے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے سی پیک منصوبے کو افغانستان تک وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ بیجنگ میں ہونے والی ایک غیر رسمی سہ فریقی ملاقات میں کیا گیا، جس میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار، افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی اور چینی وزیر خارجہ شریک ہوئے۔

ملاقات کے دوران تینوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سی پیک کو افغانستان تک بڑھا کر خطے میں ترقی اور رابطے کے نئے دروازے کھولے جا سکتے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزرائے خارجہ نے خطے کی سلامتی، معاشی ترقی اور روابط کو مضبوط بنانے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت شراکت داری کو مزید گہرا کرنے پر بھی زور دیا۔

ترجمان کے مطابق سہ فریقی وزرائے خارجہ کا اگلا اجلاس جلد کابل میں منعقد ہوگا، جہاں اس تعاون کو عملی شکل دینے کے مزید اقدامات زیر غور آئیں گے۔

مزیدخبریں