خضدار میں سکول بس پر حملہ، آئی ایس پی آر کی شدید مذمت

12:10 PM, 21 May, 2025

راولپنڈی : خضدار میں  سکول بس پر ہونے والے حملے پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ حملہ بھارتی ریاست کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، جو اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارت اپنی پراکسی تنظیموں کے ذریعے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں امن خراب کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، کیونکہ وہ دیگر محاذوں پر ناکامی کا شکار ہو چکا ہے۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاک فوج بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو ہر صورت ختم کرے گی اور ان حملوں میں ملوث افراد، سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور دہشتگردی کی ان تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں