لکی مروت : لکی مروت اور بنوں میں پولیو کے دو نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جن کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے۔ لکی مروت میں 26 ماہ کی ایک بچی میں 22 اپریل کو پولیو کی علامات ظاہر ہوئیں، جب کہ بنوں میں 40 ماہ کے بچے میں یکم مئی کو پولیو کی تصدیق ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان میں رواں سال اب تک پولیو کے کیسز کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔
این آئی ایچ حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے جنوبی علاقوں میں پولیو ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لکی مروت کی یونین کونسل بخمل احمد زئی میں سینکڑوں بچے پولیو ویکسین سے محروم ہیں، جس کی وجہ سے پولیو کے مزید پھیلاؤ کا خطرہ ہے۔ اس کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ بچوں کو ویکسین لگائی جا سکے اور اس بیماری کو مزید نہ پھیلنے دیا جائے۔