خضدار میں سکول بس کے قریب دھماکہ، 4 بچے شہید، درجنوں زخمی

10:48 AM, 21 May, 2025

خضدار: بلوچستان کے علاقے خضدار میں قومی شاہراہ پر واقع زیرو پوائنٹ کے قریب ایک سکول بس کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں چار معصوم بچے شہید اور 38 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر خضدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب بچے سکول سے واپس جا رہے تھے۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ بس کو دھماکے سے شدید نقصان پہنچا۔

پولیس اور سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ دہشتگردی کی کارروائی لگتی ہے، اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ: "معصوم بچوں پر حملہ کرنے والے درندے کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ یہ حملہ دشمن کی جانب سے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔" انہوں نے کہا کہ حکومت شہید بچوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سکیورٹی اداروں کے مطابق کچھ کارروائیاں بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم کالعدم تنظیموں کی جانب سے کی جا رہی ہیں، جو پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔

مزیدخبریں