ٹرمپ کا نیا اعلان: امریکا میں جدید دفاعی نظام ’گولڈن ڈوم‘ لگانے کا فیصلہ

10:58 AM, 21 May, 2025

واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا جلد ایک نیا اور جدید فضائی دفاعی نظام ’گولڈن ڈوم‘ نصب کرے گا، جو ملک کو ہر قسم کے میزائل حملوں سے بچانے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے بتایا کہ یہ نظام ان کی دوسری مدت صدارت کے آخر تک مکمل طور پر فعال ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی ٹیکنالوجی اسرائیل سے زیادہ جدید ہے، اور یہ نظام زمین، فضا اور خلا سے داغے گئے کسی بھی میزائل کو روکنے کی صلاحیت رکھے گا۔

ٹرمپ کے مطابق یہ نظام سیٹلائٹس، خلائی انٹرسیپٹرز اور زمینی ڈیفنس ٹیکنالوجی پر مشتمل ہوگا۔ یعنی اگر خلا سے بھی کوئی میزائل امریکا پر داغا جائے تو یہ نظام اسے فضا میں ہی تباہ کر دے گا۔

اس منصوبے پر کل 175 ارب ڈالر خرچ ہوں گے، جن میں سے 25 ارب ڈالر پہلے ہی دفاعی بجٹ میں رکھے جا چکے ہیں۔ ’گولڈن ڈوم‘ کی قیادت امریکی خلائی فورس کے نائب سربراہ جنرل مائیکل کریں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اس نظام کی ساری تیاری امریکا میں ہی ہوگی۔

ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ کینیڈا بھی اس دفاعی نظام کا حصہ بننا چاہتا ہے، اور امریکا اس سلسلے میں کینیڈا کے ساتھ تعاون کرے گا۔دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ گولڈن ڈوم کا مقصد امریکا کو ہر قسم کے روایتی یا جوہری میزائل خطرات سے بچانا ہے، چاہے وہ کروز ہوں، بیلسٹک یا ہائپرسونک۔

مزیدخبریں