واشنگٹن: امریکی انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل ایران کے جوہری پروگرام کو نشانہ بنانے کے لیے حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ تاہم فی الحال یہ واضح نہیں کہ اسرائیلی قیادت نے اس پر کوئی حتمی فیصلہ کیا ہے یا نہیں۔
منگل کو ایک امریکی ٹی وی نے کئی سرکاری ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ امریکا کو ایسی خفیہ معلومات ملی ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ اسرائیل ایران کی جوہری تنصیبات کے خلاف کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ ابھی تک امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل، اسرائیل کے وزیر اعظم کے دفتر اور واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتخانے نے اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔
اسی روز ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکا سے جاری جوہری مذاکرات سے کسی مثبت نتیجے کی امید نہیں کی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی طاقتیں ایران کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
خیال رہے کہ ایران اور مغربی ممالک کے درمیان یورینیم کی افزودگی اور جوہری پروگرام پر اختلافات کافی عرصے سے جاری ہیں۔ مغربی ممالک کا الزام ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ ایران کا مؤقف ہے کہ اس کا پروگرام صرف پرامن مقاصد کے لیے ہے۔