اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر ملک کی عسکری اور سیاسی قیادت سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو فون کر کے عید کی مبارکباد دی اور سرحدوں کی حفاظت پر مامور پاک فوج کے افسران و جوانوں کے جذبے کو سراہا۔ وزیراعظم نے درج ذیل عسکری سربراہان سے بھی رابطہ کیا،ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر (سربراہ پاک فضائیہ)،ایڈمرل نوید اشرف (سربراہ پاک بحریہ)۔
وزیراعظم نے سروسز چیفس سے گفتگو میں وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے عید کی خوشیوں میں سیاسی قیادت کو بھی شریک کیا۔ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی، تمام صوبوں کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور دیگر اہم سیاسی قائدین سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور انہیں عید کی مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے عسکری و سیاسی قیادت کو ٹیلیفون؛ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سروسز چیفس کو عید کی مبارکباد
06:35 PM, 21 Mar, 2026