راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عید الفطر کا دن ضلع کرم میں اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ گزارا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے جوانوں کے ہمراہ عید کی نماز ادا کی اور ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے آپریشن 'غضبُ لِلحق' کے دوران دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑنے پر پاک فوج کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور ہمت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر ہے جو عید جیسے تہواروں پر بھی وطن کی حفاظت کے لیے اپنوں سے دور سرحدوں پر پہرہ دے رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ سرحد پار پناہ گاہوں میں چھپے دہشت گردوں کو پاکستان کا امن تباہ کرنے کا کوئی موقع نہیں ملے گا۔ افغان حکام کو اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنی ہوگی۔
فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور پاک فوج کسی بھی قسم کی اندرونی یا بیرونی سازش کو ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے انہیں وطن کی حرمت کا پاسبان قرار دیا۔
سرحد پار سے دہشت گردی برداشت نہیں کریں گے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کرم میں جوانوں کو دوٹوک پیغام
02:25 PM, 21 Mar, 2026