عید پر بادل برس پڑے: کراچی میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار، عید گاہوں میں اجتماعات متاثر

10:31 AM, 21 Mar, 2026

کراچی : شہرِ قائد میں عید الفطر کی صبح قدرت مہربان ہو گئی، تاہم تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش نے عید کی گہما گہمی اور کھلے مقامات پر ہونے والے نمازِ عید کے اجتماعات کو متاثر کر دیا ہے۔
مغربی ہواؤں کے طاقتور سلسلے کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں بشمول گلشنِ حدید، اسکیم 33، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد اور کلفٹن میں بادل گرج چمک کے ساتھ برسے۔ گرومندر، لسبیلہ اور طارق روڈ پر بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے شہر کا درجہ حرارت گر گیا اور حبس کا خاتمہ ہو گیا۔
بارش کے باعث کھلے میدانوں اور پارکوں میں ہونے والے عید کے اجتماعات شدید متاثر ہوئے ہیں۔ کئی مقامات پر انتظامیہ نے عید گاہوں کے بجائے مساجد کے اندر نمازِ عید کے متبادل انتظامات کیے۔ بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو عید کی نماز کے لیے پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ٹریفک کی روانی بھی سست روی کا شکار ہے۔
اچانک ہونے والی اس بارش اور تیز ہواؤں کے پیشِ نظر شہریوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا شروع کر دی ہیں۔ بلدیاتی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے اور عید کی خوشیوں میں خلل نہ پڑے۔

مزیدخبریں