’آپریشن غضب الحق‘ ختم نہیں صرف معطل ہوا ہے: وزیر مملکت طلال چودھری کا دوٹوک اعلان

09:38 AM, 21 Mar, 2026

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے واضح کیا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری ‘آپریشن غضب الحق’ عید الفطر کے احترام میں عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے، اسے ختم نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
طلال چودھری نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ افغان طالبان کو دوحہ معاہدے کے تحت کیے گئے اپنے وعدے پورے کرنے ہوں گے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور ہم نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، لیکن اب وقت کا تقاضا ہے کہ ہم "سب سے پہلے پاکستان" کی فکر کریں۔ ملکی سلامتی اور بقا پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والی قوتوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف بھی عید کے موقع پر افغان حکومت کے ساتھ سیز فائر کا ذکر کر چکے ہیں، تاہم طلال چودھری نے واضح کیا کہ آپریشن کا مقصد دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے جو عید کے بعد دوبارہ متحرک ہوگا۔

مزیدخبریں