لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے غزہ میں جاری اسرائیلی ظلم و ستم پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی کو مظلوموں کے خلاف سازش قرار دیا۔ جماعت اسلامی کی جانب سے پاکستان بھر میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
لاہور میں ایک بڑے احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر امریکا کی حمایت میں خاموشی برقرار رہی تو جماعت اسلامی کا اگلا احتجاج امریکی سفارتخانے کے باہر نہیں بلکہ اندر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس وقت سعودی عرب میں ہیں، امید ہے کہ وہ امریکا اور اسرائیل کے خلاف مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے میں کردار ادا کریں گے۔
اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہ صرف حکومت بلکہ اپوزیشن بھی فلسطین کے معاملے پر خاموش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف امریکا کی مذمت کرنے کے بجائے اس کی حمایت کے لیے سرگرم نظر آتی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے مطالبہ کیا کہ آرمی چیف کو فلسطینیوں کے حق میں واضح موقف دینا چاہیے اور اسلامی ممالک کے فوجی سربراہان کا اجلاس بلانے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر فلسطینیوں کے خون کا سودا کیا گیا تو قوم حکمرانوں کو نشانِ عبرت بنا دے گی۔ جماعت اسلامی نے اسرائیلی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بڑے شہروں میں فلسطینی عوام کی حمایت میں ملین مارچ منعقد کیے جائیں گے۔