پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائیاں، 166 آپریشنز کے دوران 11 دہشت گرد گرفتار

10:33 PM, 21 Mar, 2025

لاہور:  سی ٹی ڈی نے پنجاب بھر میں 166 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے 11 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے قبضے سے متعدد دھماکہ خیز مواد اور سامان برآمد ہوا۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ یہ آپریشنز پنجاب کے مختلف شہروں میں کیے گئے، جن میں سرگودھا، راولپنڈی، پاک پتن، گجرات، چکوال، بہاولپور، بہاول نگر اور فیصل آباد شامل ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران میانوالی سے ٹی ٹی پی کے ایک خطرناک دہشت گرد کو بارودی مواد کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔

گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، آئی ای ڈی بم، 2 ڈیٹونیٹر، 19 حفاظتی فیوز، 26 فٹ تار، پمفلٹ، نقدی اور پرائمہ کارڈ برآمد ہوئے۔ دہشت گردوں کی شناخت حیدر سلطان، ولی رحمان، زبیر، امین، اکبر، مقصود خان، عمیر، ظفر اقبال، ابراہیم قاسمی، محب اللہ اور صدام حسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا مقصد عوام میں دہشت پھیلانا تھا۔ رواں ہفتے 1475 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن میں 422 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ ادارہ پنجاب کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور ان آپریشنز کا مقصد صوبے کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

مزیدخبریں