’’شہر اعتکاف آج آباد ہوگا‘‘

09:11 AM, 21 Mar, 2025

اعتکاف کی حقیقت خلوت نشینی ہے اور یہ رب العزت کا اپنے محبوبؐ کے تصدق سے امتِ مصطفویؐ پر خصوصی لطف و احسان ہے کہ وصالِ حق کی وہ منزل جو اممِ سابقہ کو زندگی بھر کی مشقتوں اور بے جا ریاضتوں کے نتیجے میں بھی حاصل نہیں ہو سکتی تھی‘ فقط چند روز کی خلوت نشینی سے میسر آ سکتی ہے۔ چنانچہ اعتکاف کی حقیقت یہ ہے کہ انسان چند روز کے لئے علائقِ دنیوی سے کٹ کر گوشہ نشین ہو جائے۔ ایک محدود مدت کے لئے خلوت گزیں ہو کر اللہ کے ساتھ اپنے تعلقِ بندگی کی تجدید کر لے۔ اپنے من کو آلائشِ نفسانی سے علیحدہ کر کے اپنے خالق و مالک کے ذکر سے اپنے دل کی دنیا آباد کر لے۔ مخلوق سے آنکھیں بند کر کے اپنے خالق کی طرف لو لگا لے۔ ان کیفیات کو خود پر غالب کر کے جب انسان دنیا و مافیہا سے کٹ کر صرف اپنے خالق و مالک کے ساتھ لو لگا لیتا ہے تو اس کے یہ چند ایام سالوں کی عبادت اور محنت و مشقت پر بھاری قرار پاتے ہیں۔
           رمضان المبار ک کاآخری عشرہ جہنم سے نجات حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔اللہ تعالیٰ کی رحمت جوش میں ہوتی ہے ایسے میں دس روز کیلئے دنیاو ی رابطوں سے قطع تعلقی اختیار کر کے خالص اللہ کیلئے اعتکاف بیٹھنا بندگی کا وہ مقام ہے جسے بارگاہ خداوندی میں بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔اسلامی دنیا میں اعتکاف کے تصور کو عملی روپ دینے کیلئے مساجدمیں اس کا اہتمام ہو تا ہے گزشتہ32سالوں سے تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اجتماعی اعتکاف کے تصور کو عملی شکل دے کر اسے تربیت کا بہت عظیم انسٹیٹیوٹ بنا دیا ہے اور اب پاکستان اور دنیا بھر میں یہ رجحان زور پکڑنے لگا ہے جو یقینا خوش آئند ہے۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اجتماعی اعتکاف کے جس سلسلے کا آغاز کیا تھا وہ شہر اعتکاف کی شکل میں دنیائے اسلام میں پاکستان کی منفرد پہچان بن گیاہے۔ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین الگ الگ جگہوں پر شہر اعتکاف کے مکین بن کر اللہ کو منانے کی جدوجہد کا حصہ بن جاتے ہیں۔حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کے سب سے بڑے اعتکاف کو جامع المنہاج ٹائون شپ میں آباد کیا جاتا ہے۔تحریک منہاج القرآن کے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری امسال نماز عشاء اور تراویح کے بعدخطاب کریں گے۔
  شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحبت میں آکر تربیت پانے والے خوش نصیب ہیں کیونکہ وہ آج کے دور کی بلند پایہ روحانی شخصیت ہیںاور شہر اعتکاف کے ہزاروں خوش نصیبوں کو روزانہ ان کی صحبت ان کے دروس کی شکل میں میسر ہو گی۔ہزاروں کے من کی دنیا اجلی ہو گی زندگی کی ترجیحات بدلیں گی۔شہر اعتکاف اس لحاظ سے منفرد ہے کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے تحت 500یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کیلئے ادارہ’’آغوش‘‘کی تعمیر ہونے والی پانچ منزلہ وسیع و عریض بلڈنگ دس دن کیلئے معتکفین کو میسر ہو گی۔معتکفین کیلئے شہر اعتکاف کو مکمل طور پر تیا کر دیا گیا ہے اور اسے بڑی محبت اور سنجیدگی سے معتکفین کی سہولیات کو مد نظر رکھ کرآراستہ کیا گیا ہے۔کوئٹہ،کراچی شمالی علاقہ جات اور اندرون سندھ اور بلوچستان سے معتکفین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے پورے ملک میں اعتکاف کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔شہر اعتکاف2025 کے انتظامی معاملات کیلئے تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کی سربراہی میں مرکزی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔کمیٹی کے سیکرٹری کی ذمہ داری نائب ناظم اعلیٰ جواد حامد کے سپرد ہے جبکہ 100سے زائدانتظامی کمیٹیاں ایک ماہ قبل تشکیل دی گئی تھیں۔ ہر کمیٹی 9سے10افراد پر مشتمل ہے اس طرح سینکڑوں افراد شہر اعتکاف میں دس روز تک معتکفین کی خدمت پر مامور ہوں گے۔اسکے علاوہ منہا ج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوان معکفین کی خدمت اور سکیورٹی کی ڈیوٹی دیں گے۔شہر اعتکاف کے داخلی راستوں واک تھرو گیٹ نصب کر دئیے گئے ہیں۔راستوں میں خیر مقدمی بینرز لگے ہیں۔گرمی سے بچائو کیلئے مسجد کے صحن کے دونوں اطراف 4فٹ قطر کے 20بڑے پنکھے لگا دئیے گئے ہیں۔بجلی کی 24گھنٹے فراہمی کیلئے جنریٹر زکا انتظام ہے۔معتکفین کے وضو کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ طہارت خانوں کا بہتر انتظام موجود ہے۔ہزاروں افراد کیلئے 50ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم ہمہ وقت شہر اعتکاف میں ہو گی جبکہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی 12ایمبولینسز بھی ہمہ وقت موجود ہوں گی۔جامع المنہاج میں ہزاروں مرد جبکہ منہاج القرآن گرلز کالج میں ہزاروں خواتین معتکف ہوں گی۔چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین القادری اور صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری بھی معتکفین سے مختلف مواقعوں پر خطابات کریں گے۔
          ملک کے نامور قاری اور نعت خواں حضرات شہر اعتکاف میں ہونیوالی محافل میں شرکت کریں گے۔پاکستان کے مختلف سلاسل کے بزرگ ان کی اولادیں،خلفاء اور مریدین کثیر تعداد میں شہر اعتکاف میں شرکت کرتے ہیں۔نماز تراویح کیلئے خوش الحان قاری حضرات 27ویں شب سے قبل قرآن مجید مکمل کر لیں گے۔اعتکاف میں ہونیوالا ایک منفر ایونٹ27ویں کی شب سالانہ روحانی اجتماع ہے جس میں ملک بھر سے لاکھوںفرزندان اسلام خصوصی شرکت کرتے ہیں خواتین بھی اس اجتماع میں ہزاروں کی تعداد میں شریک ہوں گی۔روحانی اجتماع میں محافل نعت کے سلسلہ کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا خطاب ہوگا جس کے آخر پر سحری کا وقت شروع ہونے سے آدھ گھنٹہ قبل ان کی رقت آمیز دعا ہوتی ہے جس میں ہر آنکھ سے آنسوئوں کا سیلاب امڈ رہا ہوتا ہے ہر کوئی اپنے گناہوں کی معافی مانگ کر اللہ سے رحمتوں کا طلبگار ہوتا ہے۔

مزیدخبریں