تاریخ اگر صرف ایک مضمون ہوتی تو شاید انسان اسے صرف نصاب کی حد تک پڑھتا، یاد کرتا اور بھول جاتا مگر تاریخ درحقیقت انسان کی اجتماعی یادداشت ہے۔ یہ نہ صرف ماضی کی راہنمائی کرتی ہے بلکہ حال کی روشنی اور مستقبل کی سمت بھی متعین کرتی ہے۔ بدقسمتی یہ ہے کہ ہم میں سے اکثر لوگ تاریخ کو ایک بھولی بسری کہانی سمجھتے ہیں، نہ کہ آئندہ کی رہنمائی کا ذریعہ۔
فرعون ہو یا نمرود، چنگیز خان ہو یا ہلاکو، ہٹلر ہو یا مسولینی، تاریخ نے سب کو وقت کے کچرے دان میں پھینک دیا۔ طاقت، غرور اور جبر میں سے کوئی چیز بھی انہیں نہ بچا سکی۔ ان کے محلات، جن کی بلندیاں آسمان سے باتیں کرتی محسوس ہوتی تھیں، آج مٹی کے ڈھیر ہیں اور ان کی داستانیں نصیحت بن چکی ہیں۔ تاریخ کا سب سے بڑا سبق یہی ہے کہ جب انسان عدل کا دامن چھوڑ دے اور طاقت کو انسانوں کو دبانے کے لیے استعمال کرے تو اس کا انجام تباہی ہوتا ہے۔ہمارے آج کے معاشروں پر نظر ڈالیں تو محسوس ہوتا ہے کہ ہم بھی انہی راستوں پر چل رہے ہیں جنہوں نے ماضی کی عظیم سلطنتوں کو برباد کیا۔
زمانے کی گرد میں چھپی قوموں کی عظمتیں، بادشاہوں کے تاج اور سلطنتوں کی چمک دمک سب مٹی میں مل چکی ہیں۔ مصر کے فرعونوں کو ہی لیجئے، جنہوں نے خدائی کا دعویٰ کیا اور ظلم کی انتہا کر دی۔ آج ان کے ممی جسم عجائب گھروں میں محفوظ ہیں، جہاں لوگ انہیں دیکھ کر حیران ہوتے ہیں کہ کبھی یہی لوگ اپنی طاقت کے نشے میں خود کو ناقابلِ شکست سمجھتے تھے۔ یونان، روم، ایران، ہندوستان اور اندلس کی عظیم تہذیبیں بھی اسی وقت زوال کا شکار ہوئیں جب انہوں نے عدل، علم اور اخلاقی اصولوں کو پس پشت ڈال دیا۔ وہی تاریخ جو کبھی ان کی عظمت کے قصے سناتی تھی، آج ان کے زوال کی داستانیں بیان کر رہی ہے۔رومن ایمپائر کی مثال ہمارے سامنے ہے، جہاں انصاف اشرافیہ کی باندی بن چکا
تھا اور غریب انسانوں کی جان محض تفریح کا سامان تھی۔ جب عیاشی، ظلم اور ناانصافی کسی سلطنت کی بنیاد بن جائے تو اس کی مضبوط ترین دیواریں بھی اندر سے کھوکھلی ہو جاتی ہیں۔ رومن سلطنت اپنے عروج کے باوجود اسی اندرونی کمزوری کا شکار ہوئی اور بالآخر تاریخ کا حصہ بن گئی۔اسلامی تاریخ میں خلافتِ راشدہ کا دور اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ جب حکمران رعایا کے خادم بن جائیں، بیت المال کو امانت سمجھا جائے اور انصاف کو ہر تعلق پر فوقیت دی جائے تو معاشرہ امن اور خوشحالی کی تصویر بن جاتا ہے۔ لیکن جب اقتدار خدمت کے بجائے ذاتی مفادات کا ذریعہ بن جائے تو زوال کے آثار نمایاں ہونے لگتے ہیں۔ سقوطِ بغداد اور سقوطِ غرناطہ محض عسکری شکستیں نہیں تھیں بلکہ وہ علمی، اخلاقی اور سیاسی کمزوریوں کا نتیجہ تھیں۔ جب حکمران طبقہ علم و تحقیق اور عوامی فلاح سے غافل ہو کر ذاتی آسائشوں میں گم ہو گیا تو تاریخ نے اس سے اس کی عظمت چھین لی۔
آج اکیسویں صدی کا انسان ایٹمی طاقت، خلائی تحقیق اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے حیرت انگیز ترقی کر چکا ہے لیکن اخلاقی اعتبار سے اس کی کمزوریاں اب بھی برقرار ہیں۔ بڑی طاقتیں عالمی قوانین اور انسانی حقوق کے نعروں کے باوجود اپنے مفادات کے لیے کمزور قوموں پر دباو¿ ڈالتی ہیں۔ طاقتور کے لیے الگ اور کمزور کے لیے الگ پیمانے آج بھی دنیا کے بہت سے نظاموں میں موجود ہیں،
کشمیر اور فلسطین کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔اگر ہم اپنے معاشروں کا جائزہ لیں تو صورتِ حال مزید تشویش ناک دکھائی دیتی ہے۔ جہاں غریب معمولی جرم پر برسوں سزا بھگتتا ہے اور بااثر افراد بڑے جرائم کے باوجود قانون کی گرفت سے محفوظ رہتے ہیں، وہاں انصاف کا تصور کمزور پڑ جاتا ہے۔ تعلیمی اداروں میں ڈگریوں کی تعداد بڑھ رہی ہے مگر شعور، کردار اور اخلاقیات کی تربیت کم ہوتی جا رہی ہے۔ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے بعض لوگ خود کو قانون سے بالاتر سمجھنے لگتے ہیں حالانکہ تاریخ بار بار ثابت کر چکی ہے کہ کوئی بھی طاقت دائمی نہیں ہوتی۔ہمیں یہ غلط فہمی بھی لاحق ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، بڑی فوجیں اور بلند و بالا عمارتیں ہمیں ہر خطرے سے محفوظ بنا سکتی ہیں۔ تاریخ اس تصور کی نفی کرتی ہے۔
تاریخ کا ایک اور بے رحم قانون یہ ہے کہ وہ کسی سے رعایت نہیں کرتی۔ وہ نہ کسی کے شاندار ماضی سے مرعوب ہوتی ہے اور نہ کسی کے دعووں سے۔ جو قومیں وقت کی پکار کو نہیں سنتیں اور اپنی غلطیوں پر اصرار کرتی ہیں، وہ بالآخر زوال کا شکار ہو جاتی ہیں۔ اندلس کی مساجد، قرطبہ کے محراب و منبر اور بغداد کے علمی آثار آج بھی خاموش زبان میں یہی پیغام دیتے ہیں کہ سلطنتیں نعروں سے نہیں بلکہ کردار، علم اور انصاف سے زندہ رہتی ہیں۔اسی حقیقت کی ایک جدید مثال سوویت یونین ہے۔ یہ ایک عظیم سپر پاور تھی مگر جب اس کا نظام نظریاتی اور معاشی طور پر کمزور ہوا تو وہ کسی بڑے بیرونی حملے کے بغیر ہی بکھر گئی۔ اس کی داستان اس بات کی یاد دہانی ہے کہ داخلی کمزوریاں اکثر بیرونی خطرات سے زیادہ مہلک ثابت ہوتی ہیں۔ تاریخ ہمیں ہر موڑ پر روکتی، ٹوکتی اور سمجھاتی ہے مگر ہم اکثر اسے صرف تقریروں کی زینت یا کتابوں کا مواد سمجھ کر نظرانداز کر دیتے ہیں۔ ہم بھول جاتے ہیں کہ اگر ہم نے تاریخ سے سبق نہ سیکھا تو ایک دن ہم خود تاریخ کا عبرت ناک باب بن جائیں گے۔ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم تاریخ کو محض پڑھنے تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے سمجھیں، اس سے نتائج اخذ کریں اور اپنی اجتماعی زندگی میں ان پر عمل کریں۔قومیں وہی کامیاب ہوتی ہیں جو ماضی کی غلطیوں کو دہراتی نہیں بلکہ ان سے سیکھ کر آگے بڑھتی ہیں۔ تاریخ ہمیشہ زندہ رہتی ہے ، سوال صرف یہ ہے کہ کیا ہم بھی بحیثیتِ قوم زندہ ہیں یا تاریخ کے کسی کچرے دان میں پڑے اپنی آخری سانسیں گن رہے ہیں؟ فیصلہ اب بھی ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے۔
تاریخ ایک عبرت کدہ
09:15 AM, 21 Jun, 2026